دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، شامی صدر

منگل 24 اپریل 2018 09:50

دمصق ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک جنگ جاری رہے گی۔ ایرانی خبر رسان ادارے کے مطابق شام کے صدر بشار نے دمشق میں ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین جابری انصاری سے ملاقات میں زور دے کر کہا کہ شام سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

بشار الاسد نے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حالیہ حملے کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ شام پر ان ملکوں کے براہ راست حملے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے مغربی نے شام کے بحران کے ابتدائی ایام سے ہی دہشتگردوں کی حمایت کی ہے۔ ایرانی نائب وزیرخارجہ نے بھی اس ملاقات میں کہاکہ شام پر امریکا فرانس اور برطانیہ کے حملے کی اصل وجہ شامی فوج کی کامیابی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جارح طاقتوں کو خوف ہے کہ شامی فوج کی کامیابی کا سلسلہ اسی طرح شام کے دیگر علاقوں میں بھی تیز رفتاری کے ساتھ جاری رہے گا۔