جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شروع

منگل 24 اپریل 2018 09:50

سیئول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے اعلی حکام کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شروع ہوگیا ہے جسے دونوں ملکوں کے مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سرحدی علاقے پانمن جوم میں ہونے والے اس اعلی سطحی اجلاس میں دونوں ملکوں کے سربراہی اجلاس کا ایجنڈا تیار کیا جارہا ہے جو آئندہ جمعہ کو متوقع ہے۔

(جاری ہے)

سیئول اور پیانگ یانگ کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان 27 اپریل کو سرحدی شہر پانمن جوم میں ایک دوسرے سے ملاقات اور دونوں کوریاؤں کے درمیان اتحاد کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کوریاؤں کے درمیان تعلقات کی بہتری، سرحدوں پر امن و امان کا قیام اور جزیرہ نمائے کوریا کے بحران کا پائیدار حل، مون جائے ان اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات کا بنیادی ایجنڈا ہوگا۔دوسری جانب جاپان اور کینیڈانے شمالی کوریا کے خلاف اقوام متحدہ کی عائد کردہ پابندیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔