ایران میں امریکا کے سلسلے میں بے اعتمادی بے حد بڑھ گئی ہے، جواد ظریف

منگل 24 اپریل 2018 11:59

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکا کے سلسلے میں ایران کے اندر بے اعتمادی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیرخارجہ جواد ظریف نے امریکی ہفت روز جریدے کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں کوئی نئی شرط عائد نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی اس میں کسی طرح کا رد و بدل نہیں ہوسکتا ہے۔

انھوں کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو ایٹمی معاہدے میں شامل رکھنے کے لئے امریکا کے ساتھ یورپی ملکوں کے مذاکرات کی حدتک ہی ایران حمایت کرسکتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے اپنے وعدے پورے نہیں کئے ہیں اور پچھلے 15 ماہ کے دوران اس بات کی کوشش کی ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے کے اقتصادی فوائد حاصل ہوئے ہیں، ایٹمی معاہدے کے فوائد کا حصول ایران کے لئے بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

جواد ظریف نے کہا کہ امریکا نے نہ صرف ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا بلکہ وہ مزید مطالبات بھی کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اس اقدام کے ذریعے ایرانی عوام اور پوری دنیا کے لوگوں کو انتہائی خطرناک پیغام دے رہا ہے کہ کبھی بھی امریکا کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہئے۔ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکل جانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب کے میں انھوں نے کہاکہ سفارتکاری کا دروازہ کبھی بھی بند نہیں ہوتا لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ امریکا ہی صرف سفارتکاری کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد ایران کا فیصلہ امریکیوں کے لئے اچھا نہیں ہوگا۔