فلم ’’ٹوٹل دھمال‘‘ 7 دسمبر کو ریلیز ہوگی،

تاہم اب فلم کی پہلی جھلک جاری کردی گئی انیل کپور اور مادھوری ڈکشٹ 17 سال بعد ایک دوسرے سے ماضی کی طرح رومانس کرتے نظر آئیں گے یہ دونوں ہدایت کار اندرا کمار کے ساتھ بھی 26 سال بعد ایک ساتھ کام کریں گے

منگل 24 اپریل 2018 11:59

فلم ’’ٹوٹل دھمال‘‘ 7 دسمبر کو ریلیز ہوگی،
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) وڈ کی آنے والی کامیڈی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کا سب ہی کو انتظار ہے، جس میں قریبا 17 سال بعد مادھوری ڈکشٹ اور انیل کپور ایک ساتھ نظر آئیں گے۔اسی فلم میں جہاں انیل کپور اور مادھوری ڈکشٹ 17 سال بعد ایک دوسرے سے ماضی کی طرح رومانس کرتے نظر آئیں گے، وہیں یہ دونوں ہدایت کار اندرا کمار کے ساتھ بھی 26 سال بعد ایک ساتھ کام کریں گے۔

’ٹوٹل دھمال‘ کامیڈی سیریز ’دھمال‘ کی تیسری فلم ہے، جو پہلے ریلیز ہونے والی دونوں فلمز کے مقابلے بڑے بجٹ والی فلم ہے، جسے اجے دیو گن بھی پروڈیوس کر رہے ہیں۔اجے دیوگن جہاں ’ٹوٹل دھمال‘ کے شریک پروڈیوسر ہیں، وہیں وہ اس میں مرکزی کردار میں بھی نظر آئیں گے۔اگرچہ فلم کو رواں برس 7 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا، تاہم اب فلم کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔

(جاری ہے)

اجے دیوگن نے اپنی ٹوئیٹ میں فلم کے سین کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں فلم کی تمام کاسٹ فلم کے گانے پر رقص کرتی دکھائی دی، تاہم اس تصویر میں فلم کی مرکزی ہیروئن کی کمی تھی۔فلم کی پہلی جھلک میں جہاں تمام کاسٹ کو دکھایا گیا ہے، وہیں اس میں فلم ساز اندرا کمار بھی نظر آ رہے ہیں۔تصویر میں مادھوری ڈکشٹ، انیل کپور، اجے دیوگن، ارشد وارثی اورجاوید جعفری سمیت دیگر کاسٹ بھی دکھائی دے رہی ہے، تاہم فلم کی ہیروئن نظر نہیں آ رہی۔

فلم کی تمام کاسٹ کو فلم کے گانے ’پیسہ یہ پیسہ‘ پر رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو اصل میں 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم قرض میں شامل تھا، تاہم اب اسے ریمیک کرکے فلم میں شامل کیا گیا ہے۔اجے دیوگن کی جانب سے فلم کی پہلی جھلک جاری کیے جانے سے قبل گزشتہ روز بھی بھارتی میڈیا نے انیل کپور اور مادھوری ڈکشٹ کی ایک تصویر شائع کی تھی، جس میں دونوں کو رومانٹک انداز میں دکھایا گیا تھا۔

نیوز 18 نے اپنی خبر میں بتایا تھا کہ یہ تصویر ’ٹوٹل دھمال‘ کے ایک منظر کی ہے۔دوسری جانب فلم کی ٹیم نے تاحال فلم کی مرکزی ہیروئن کے کردار کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی، ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم میں مرکزی ہیروئن کا کردار بڑھایا گیا ہے یا نہیں، کیوں کہ پہلی دونوں فلموں میں کوئی بھی مرکزی اداکارہ نہیں تھی۔خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’دھمال‘ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں مرکزی کردار میں سنجے دت نظر آئے تھے، ان کے ساتھ ارشد وارثی، جاوید جعفری اور رتیش دیش مکھ بھی جلوہ گر ہوئے۔

اس سیریز کی دوسری فلم ’ڈبل دھمال‘ 2011 میں ریلیز ہوئی، جس میں پہلی فلم کی تمام کاسٹ ایکشن میں نظر آئی، اب اس سیریز کی تیسری فلم دسمبر میں ریلیز کی جائے گی۔’ٹوٹل دھمال‘ میں مادھوری ڈکشٹ اور انیل کپور میاں بیوی کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔