ٹورنٹو میں نوجوان نے جان بوجھ کر لوگوں پر وین چڑھا دی ،

10 افراد ہلاک کرائے پر لی گئی وین کے ڈرائیور کو حراست میں لینے کے بعد تحقیقات شروع کر دیں،پولیس کا بیان

منگل 24 اپریل 2018 12:10

ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں پولیس حکام نے کہاہے کہ ایک ڈرائیور نے اپنی وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ کافی مصروف علاقہ ہے۔پولیس نے کرائے پر لی گئی وین کے ڈرائیور کو حراست میں لینے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ حراست میں لیا گیا ڈرائیور 25 سالہ ایلک میناسیان ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایلک کی جانب سے یہ اقدام بظاہر جان بوجھ کر کیا گیا ہے لیکن اس حملے کا مقصد کیا تھا ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا ۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈ کا کہنا تھا کہ اس المناک اور بدحواس حملے سے بہت صدمہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے حملہ آور جو کہ مسلح ہونے کا دعویٰ بھی کر رہا تھا، پر فائرنگ نہ کرنے کے اقدام کو سراہا گیا ہے۔

ایک ویڈیو میں حملہ آور پولیس کی بندوق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ رہا ہے کہ مجھے مار دیں۔پولیس افسر نے اٴْس شخص کو جب نیچے بیٹھنے کو کہا‘ تو اٴْس نے کہاکہ میرے پاس بھی اسلحہ ہے۔پولیس نے حملہ آور کو پھر کوئی گولی چلائے حراست میں لیا ہے۔حملے کے بعد پولیس نے لوگوں سے کہا کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر سب وے سروس کو بھی روک دیا گیا ہے۔کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے تاہم انھوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ ڈرائیور نے ایسا کیوں کیا ٹورونٹو پولیس کے سربراہ نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش میں کافی وقت لگے گا اور انھوں نے عینی شاہدین سے استدعا کی کہ وہ تفتیش میں مدد کریں۔