یمنی حوثیوں کے جازان پر داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضاء میں تباہ

حوثی شیعہ باغیوں کا دو روز میں سعودی عرب کی جانب یہ دوسرا میزائل حملہ ہے،عرب میڈیا

منگل 24 اپریل 2018 12:10

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے یمن سے حوثی شیعہ باغیوں کے سرحدی شہر جازان کی جانب داغے گئے دو اور بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی شیعہ باغیوں کا دو روز میں سعودی عرب کی جانب یہ دوسرا میزائل حملہ ہے۔

(جاری ہے)

سعودی فورسز نے گذشتہ روز سرحدی شہر نجران کی جانب داغے گئے ایک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کردیا تھا اور ایک اور میزائل اس سرحدی شہر کے نزدیک واقع صحرا ئی علاقے میں گرا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے 6 جون 2015ء کے بعد سے داغے گئے کم سے کم 110 بیلسٹک میزائلوں کو ناکارہ بنایا ہے۔ ان میں ایک سکڈ میزائل بھی شامل تھا ۔سعودی فورسز نے مارچ میں دارالحکومت الریاض سمیت چار شہروں کی جانب داغے گئے سات میزائلوں کو فضا ہی میں ناکارہ بنایا تھا۔