گندم خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم میرٹ پر ہو گی ،ڈپٹی کمشنرقصور

منگل 24 اپریل 2018 12:42

قصور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے کہا ہے کہ گندم خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم سوفیصد میرٹ کی بنیاد پر ہو گی ‘ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیا جائیگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں باردانہ کی تقسیم کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی گندم خریداری مہم کے دوران باردانہ کی تقسیم صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ہو گی اور اس عمل میںکسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر باردانہ کی تقسیم کو یقینی بنانے اورکاشتکاروںکے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جارہی ہیں ۔ چھوٹے کاشتکاروں کا مفاد بے حد مقدم ہے اور کسی کو بھی کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیا جائیگا ۔