ْآسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے‘ دختران ملت

پوری کشمیری قوم کٹھوعہ میں کمسن بچی کی آبروریزی اور قتل کے خلاف سراپا احتجاج ہے

منگل 24 اپریل 2018 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی چیئر پرسن آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کے ساتھ سینٹرل جیل سرینگر میں غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دخترن ملت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے آسیہ اندرابی پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کو بے بنیاد اور من گھڑٹ قراردیا ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ آسیہ اندرابی کی گرفتاری سے کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ نظر آرہی ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہاکہ آسیہ اندرابی سے ملاقات کرنے والے ان کے اہلخانہ نے کہا کہ ان کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وہ جیل میں دستیاب پانی نہیں پی سکتیں کیونکہ یہ ان کی صحت کے لیے نقصاندہ ہے لیکن ظالم جیل حکام انہیں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی اجازت نہیں دیتے جس سے ان کی صحت بگڑتی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ آسیہ اندرابی سے ملاقات کرنے والوں کومختلف مشکل مراحل سے گزرنا پڑتا ہے اور ملاقات سے پہلے ان کی تصاویر بنائی جاتی ہیں جبکہ صرف پندرہ منٹ کے لیے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے اور وہ بھی لوہے کی سلاخوں کے پیچھے سے۔ آسیہ اندرابی کو طلباء کو پتھرائو کے لیے اکسانے کے جھوٹے الزامات پر گرفتارکیاگیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پوری کشمیری قوم کٹھوعہ میں کمسن بچی کی آبروریزی اور قتل کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ لوگ جانتے ہیں وہ غیر ملکی تسلط کے زیر سایہ ہیں اس لئے وہ جموںو کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو ختم کرانے کے لیے سڑکوں پر ہیں۔