شمالی کوریا: بس حادثے میں 32 چینی سیاحو ں سمیت 36 افراد ہلاک

حادثہ شمالی صوبے ہوانگے میں پھسلن کے با عث پیش آیا

منگل 24 اپریل 2018 13:22

پیا نگ یا نگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) شمالی کوریا میں بس حادثے میں چین سے تعلق رکھنے والے 32 سیاحوں کے علاوہ 4 مقامی افراد سمیت 36 افراد ہلاک ہوگئے۔چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے جنوبی علاقے میں پیش آنے والے بس حادثے میں 32 چینی ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ہیں۔

انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ‘ہم واقعے کی تفتیش کررہے ہیں’۔وزارت خارجہ کی جانب سے تفصیلات جاری کی گئی ہیں تاہم سرکاری ٹی وی سی جی ٹی این کی جانب سے ایک ٹویٹ میں 30 سے زائد سیاحوں کی ہلاکت کی خبر دی گئی بعد ازاں اس ٹویٹ کو ہٹا دیا گیا تھا۔سرکاری ٹی وی میں چلائے گئی فوٹیجز میں جائے وقوع میں بارش ہوتے ہوئے دکھایا گیا جہاں ڈاکٹر زخمیوں کو طبی امداد دے رہے ہیں اور دیگر امدادی کام بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق شمالی کوریا میں ان کے سفارت خانے کو رات گئے اطلاع دی گئی تھی جس کے بعد فوری طور پر امدادی کام شروع کردیا گیا تھا۔وزارت خارجہ کے مطابق حادثہ شمالی صوبے ہوانگے میں پیش آیا جو دارالحکومت کے جنوبی علاقوں سمیت اہم شہر کائیسانگ تک پھیلا ہوا ہے۔خیال رہے کہ شمالی کوریا میں غیرملکی سیاحوں میں سب سے زیادہ تعداد چینی شہریوں کی ہوتی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ جاری سرد جنگ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات رہے ہیں اور باقاعدہ پروازیں بھی معمول کے مطابق جاری رہیں۔

شمالی کوریا میں مغربی ممالک کے سیاحوں کی تعداد پورے سال میں بمشکل 5 ہزار کے قریب بتائی جارہی ہے جبکہ امریکا کی جانب سے حالیہ سفری پابندیوں کے بعد اس تعداد میں مزید کمی آگئی ہے۔چین اور شمالی کوریا کی سرحد قریب ہونے کے باعث ہزاروں کی تعداد میں سیاح ریل کے ذریعے باآسانی ڈینڈونگ شہر سے شمالی کوریا پہنچ جاتے ہیں