کویت کے بلدیاتی انتخابات میں صرف ایک خاتون امیدوار،

2013ء کی نسبت تعداد مزید کم ہوگئی

منگل 24 اپریل 2018 13:45

کویت شہر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) کویت کے بلدیاتی انتخابات میں 72 مرد امیدوار شریک ہوں گے تاہم خاتون امیدوار صرف ایک ہے۔ایک خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کویت میں رواں سال12مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دس اضلاع میں خاتون بلدیاتی امیدوار صرف ایک ہے جنہوں نے اپنی نامزدگی داخل کی ہے، ان کا تعلق سکستھ ڈسٹرکٹ سے ہے جہاں ان کے مدمقابل سات دوسرے امیدوار ہیں،کویت کے 2013 کے بلدیاتی انتخابات میں 4 خواتین نے حصہ لیا تھا۔

(جاری ہے)

کویت کے انتخابات کے محکمہ لیگل افئیرز کے نائب ڈی جی صالح شتّی نے کہا ہے کہ وزارت تعلیم نے ان انتخابات کے لئے 102 سکولوں میں پولینگ اسٹیشنز قائم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جو بارہ مئی کو ہوں گے۔انھوں نے کہاکہ انتخابی مہم کے لئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 4 مئی تک واپس لے سکیں گے۔کویت میں ہر چار سال بعد بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں جن کے چھے رکن کویت کے وزیر اعظم نامزد کرتے ہیں اور کل بلدیاتی نمائندوں کی تعداد16 ہوتی ہے۔کویت میں خواتین کو ووٹ ڈالنے اور الیکشن میں حصہ لینے کا حق 2005 میں دیا گیا اور گزشتہ سال نومبر کے پارلیمانی انتخابات میں صرف ایک خاتون پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئیں۔