شاہ سلمان کل ریاض میں القِدیہ سِٹی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

منصوبے کا پہلا مرحلہ 2022ء تک مکمل کر لیا جائے گا،سعودی جنرل انویسٹمنٹ فنڈکے عہدیدارکی گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 13:59

شاہ سلمان کل ریاض میں القِدیہ سِٹی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کل (بدھ کو) مملکت کے سب سے بڑے تفریحی ، ثقافتی اور کھیلوں کے شہر القِدیہ سِٹی کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس کی تعمیر سعودی دارالحکومت ریاض کے مغرب میں ہو گی۔عرب ٹی وی کے مطابق سنگِ بنیاد کی تقریب میں سینئر مقامی اور بین الاقوامی عہدے داران کے علاوہ سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔

منصوبے کا پہلا مرحلہ 2022ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔سعودی جنرل انویسٹمنٹ فنڈ میں القدیہ پروجیکٹ کے فاؤنڈیشن بورڈ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر فہد بن عبداللہ تونسی کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے مملکت کی معیشت کو کئی قسم کے بلا واسطہ اور بالواسطہ فوائد حاصل ہوں گے اور ترقی کا پہیّہ بھی تیز ہو گا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے شہریوں میں دو تہائی افراد 35 برس سے کم عمر ہیں۔

لہذا القدیہ سِٹی مملکت کے باسیوں کے واسطے انتہائی کشش کا حامل ہو گا جو ملک سے باہر سیاحت اور تفریح پر سالانہ 30 ارب ڈالر کے قریب خرچ کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں منصوبے سے سعودی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع جنم لیں گے۔القِدیہ پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو مائیکل ریننگر کا کہنا تھا کہ القدیہ کا دورہ کرنے والے افراد تفریح ، کھیل اور ثقافت سے متعلق شان دار سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔یہاں فراہم کردہ سرگرمیوں میں تربیتی اکیڈمیز، صحرائی ٹریکس، پانی اور برف کے حوالے سے تفریحی سرگرمیاں، ہوائی جاں بازی کی سرگرمیاں اور سفارتی کے تجربات شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں منصوبے میں تجارتی مراکز، ریستوران، ہوٹلز اور پراپرٹی منصوبے شامل ہوں گے۔