اسسٹنٹ کمشنرز کو گندم کے خریداری مراکز کے انتظامات کاجائزہ لینے کی ہدایت

منگل 24 اپریل 2018 14:09

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو گندم کے خریداری مراکز کا فوری معائنہ کرکے وہاں ضروری انتظامات کاجائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گندم کے خریداری مراکز کادورہ کریں اور اپنی اپنی تحصیلوں میں واقع گندم کے خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق باردانے کی فراہمی اور گندم کی مقررہ نرخوں اور اوزان کے مطابق خرید سمیت تمام عوامل کی ڈیلی انسپکشن کرکے اس کی تحریری رپورٹ ڈی سیز کے ذریعے ڈویژنل کمشنر ز کو فراہم کریں۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ ہدایات کی روشنی میں تحصیل اسسٹنٹ کمشنرز گندم کی سرکاری خریداری کے عمل کی کڑی نگرانی کریں گے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کااحتمال نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولت کا بھی خاص خیال رکھا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ خریداری مراکز پر کسی قسم کی بدانتظامی،بے قاعدگی اورضروری سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق رپورٹ پر فوری سنٹرانچارج کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔

انہوںنے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے سٹیزن فیڈ بیک ماڈل بھی قائم کردیا گیاہے لہٰذا کاشتکار کسی بھی خریداری مرکز پر سرکاری اہلکاروں کی جانب سے باردانہ کی تقسیم میں بد عنوانی ، گندم کی خریداری کے دوران کسی اہلکار کی جانب سے رشوت کی طلبی ،زیادہ وزن کے مطالبہ سمیت دیگر شکایات فوری طور پر ایس ایم ایس سروس کے ذریعے 8070 نمبر پر بتاسکتے ہیں جن کا فوری ازالہ کیاجائیگا نیز اس ضمن میں ہیلپ لائن 0800-02345 ،0800-13505,0800-60606 بھی قائم کردی گئی ہے جو مفت 24گھنٹے کام کررہی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ کاشتکار گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی معلومات ، رہنمائی یاشکایات کیلئے اس نمبر پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :