حکومت پنجاب کا زرعی سائنسدانوں کی استعدادکار میں اضافہ کیلئے انہیںاندرون و بیرون ملک مزید تحقیقی سہولیات فراہم کرنے کافیصلہ

منگل 24 اپریل 2018 14:11

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) حکومت پنجاب نے زرعی سائنسدانوں کی استعدادکار میں اضافہ کیلئے انہیںاندرون و بیرون ملک مزید تحقیقی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ دنیا میں فوڈ سکیورٹی اور زراعت کے بدلتے ہوئے رجحانات سے روشناس ہوکراس کے ثمرات پاکستان میں منتقل کرنے سمیت کاشتکاروں اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ریسرچ کاعمل آگے بڑھا اور کاشتکاروں کے ساتھ اپنے روابط کوفروغ دے کران کی فی ایکڑ پیداوارمیںاضافہ سے پاکستان میں بھوک اور غربت کا خاتمہ ممکن بنا سکیں اورجس طرح گندم میں خود کفالت حاصل کی گئی ہے اسی طرح دیگر فصلوں کی پیداوار میں بھی خودکفالت کاخواب شرمندہ تعبیر کیاجاسکے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ زرعی شعبہ کی کاوشوں کی بدولت ہی ملکی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ دیگر تمام شعبوں کے مقابلہ میں زیادہ ہے لیکن اس میں مزید اضافہ کی گنجائش موجود ہے کیونکہ بھوک ، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل فوڈسکیورٹی سے جڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زراعت کا شعبہ وسائل کی کمی کا شکارضرور ہے لیکن اس کو چیلنج سمجھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہے ۔

انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زوردیا کہ تیلدار اجناس ، دالوں اور سبزیوںکی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام دریافت کریں تاکہ ان کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم پیداواری لاگت سے زیادہ پیداوارکے حصول کے لیے کاشتکاری کے جدید طریقے بھی متعارف کرائے جائیںاس کے علاوہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا اب اسی طرف جارہی ہے۔