پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 60 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا

منگل 24 اپریل 2018 14:11

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ہدف گزشتہ سال کے 54لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کے ہدف سے 6لاکھ ایکڑ زائد ہے نیز فیصل آباد میں گزشتہ سال کے 80ہزار ایکڑ کی بجائے 17ہزار ایکڑ کے اضافہ سے 97ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جائے گی اس طرح صوبہ بھر سے ایک کروڑ کے قریب کپاس کی گانٹھیں حاصل ہونے کا بھی امکان ہے ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ موسمی حالات کے باعث کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بعض مقامات پر کچھ کمی مشاہدہ میں آئی ہے جن میں گزشتہ سال فیصل آباد بھی شامل تھا۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال فیصل آباد میں 80ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی جانا تھی مگر بوجوہ یہ ہدف حاصل نہ ہو سکا لیکن اس بار اضافہ شدہ ہدف کے ساتھ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں اس سال تین لاکھ 65 ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت مکمل کی جائے گی۔انہوںنے بتایاکہ اس سال صوبہ بھر میں کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ گانٹھیں ،فیصل آباد ڈویژن میں کپاس کا پیداواری ہدف4 لاکھ34 ہزار گانٹھیں جبکہ ضلع فیصل آباد سے کپاس کا پیداواری ہدف 6 ہزار گانٹھیں مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :