امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 اپریل 2018 13:57

امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اپریل۔2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے پاکستانی نوجوان عتیق بیگ کے کیس میں پاکستان نے واقعے کے ذمہ دار امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل ) میں شامل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی، اس دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا گیا، اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد نے عدالت کو بتایا کہ کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کرنل جوزف پاکستان نہیں چھوڑ سکتے لیکن انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے اور سرکاری ڈیوٹی کے دوران حادثے کی صورت میں ویانا کنونشن سفارتکاروں کو استثنیٰ دیتا ہے۔

راجا خالد نے بتایا کہ فی الحال کرنل جوزف کی گرفتاری ہوسکتی ہے اور نہ ہی ان کا ٹرائل کیا جاسکتا ہے جبکہ سفارتکار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ایک طویل عمل ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ اگر کوئی سفارتکار اپنی استثنیٰ واپس لے لے تو پھر ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے پر وزارت خارجہ عدالتی سوالنامے کے جوابات دے، جس پر وزارت خارجہ کے ڈی جی پروٹوکول نے بتایا کہ کرنل جوزف کے سفارتی استثنیٰ کے لیے امریکی حکومت سے رابطہ کرلیا ہے۔