سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل اپریل 14:01

سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کردیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اپریل۔2018ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ اتنے عرصے تک وہ بیمار نہیں ہوسکتے۔ سپریم کورٹ میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ اہلیت کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے اسحاق ڈار کے وکیل سلمان بٹ سے استفسار کیا کہ آپ نے ہمارا آخری حکم نامہ پڑھا ہے؟ اسحاق ڈار کہاں ہیں؟ انہیں لے کر آئیں۔

(جاری ہے)

وکیل سلمان بٹ نے اسحاق ڈار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کراتے ہوئے جواب دیا کہ میرے موکل بیمار ہیں۔۔چیف جسٹس نے میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار اتنے عرصے سے بیمار نہیں ہوسکتے، عدالتی حکم میں انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے کا کہا گیا تھا اور یہ حکم خلاف ورزی کے لئے جاری نہیں کیا گیا تھا، وہ آجائیں عدالت سابق وزیرخزانہ کو حفاظتی ضمانت دے گی، ہم 8 بجے رات تک بیٹھیں ہیں اسحاق ڈار سے پوچھ کر بتائیں وہ کب آئیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت میں رات 8 بجے تک وقفہ کردیا۔