عام انتخابات جلد از جلد ہونے چاہئیں ،نگراں وزیراعظم کے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی ،ْخورشید شاہ

پر امید ہوں کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا ،ْقائد حزب اختلاف کی میڈیا سے بات چیت

منگل 24 اپریل 2018 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات جلد از جلد ہونے چاہئیں ۔نگراں وزیراعظم کے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی۔ پر امید ہوں کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی موجودگی میں پارٹی میں مشاورت کی جائے گی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم نیوٹرل ہو۔ اس کا تعلق کسی پارٹی سے نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر آدمی کا کسی بھی پارٹی سے الحاق ضرور ہے۔ الحاق ہونا اور بات ہے کسی بھی پارٹی کا عہدے دار ہونا الگ بات ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ایسے شخص کا نام لینا جو کسی پارٹی میں عہدے دار رہا ہو نظر آئے گا کہ کسی پارٹی کا بندہ ہے۔

(جاری ہے)

ایسے شخص کو نگراں وزیراعظم بنانے سے گریز کیا جائے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم نیوٹرل ہو اور ایڈمنسٹریشن میں ایگزیکٹو کام کر چکا ہو جانے پہچانے اور تجربہ کار شخص کو ترجیح دی جائے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی کہ میرے اور وزیراعظم کے درمیان نام پر اتفاق ہو جائے۔ پر امید ہوں کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔