الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج ، منتقلی اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کردی

منگل 24 اپریل 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج ، منتقلی اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے قبل ازیں ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لئے 24 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے تاریخ میں توسیع کے مطالبے پر اسے 30 اپریل تک توسیع دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران ملک بھر میں قائم 15 ہزار سے زائد ڈسپلے مراکز معمول کے مطابق 30اپریل تک ووٹ کے اندراج ، منتقلی اور کوائف کی درستگی کے لئے درخواستیں موصول کرنے کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔ منگل کو پہلے سے الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کا آخری دن تھا اس دوران ڈسپلے مراکز پر عوام کی بڑی تعداد ووٹ کے اندراج کے لئے موجود رہی۔ الیکشن کمیشن نے ایک مرتبہ پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ انتخابی عمل میں اپنی شرکت یقینی بنانے کے لئے ووٹ کے اندراج کو قومی فریضہ سمجھیں۔ واضح رہے کہ ووٹ کی رجسٹریشن کاآغاز 26 مارچ سے ہوا تھا ۔