ْرمضان المبارک سے قبل اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کے لیے اقدامات کا آغاز

منگل 24 اپریل 2018 15:20

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) حکومت کی جا نب سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے،تمام متعلقہ حکام کو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اعتدال پر رکھنے ، ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کی سختی سے حوصلہ شکنی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور مصنوعی قلت کے لیے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں غلہ منڈی میں اشیائے خوردنی کے سٹاک کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال بھی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب رمضان المبارک کے دوران صارفین کو کنٹرول نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے جبکہ اس سلسلے میں طلب و رسد کا جامع میکنزم تیار کیا جارہا ہے، لہٰذا غلہ منڈی کے تاجر بھر پور تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ ماہ صیام کے دوران کسی شے کی قلت پیدا نہ ہو اور لوگوں کیلئے آسانیاں برقرار رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی چور بازاری و ناجائز منافع خوری قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دالوں اور دیگر اشیاء کے سٹاک پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی مانگ کی صورتحال کا بخوبی ادراک ہونا چاہیے اور قلت کے خدشات کی صورت میں اشیاء فوری طور پر درآمد کی جائیں جس کے لیے حکومت کی طرف سے بھر پور معاونت کی جائے گی ۔انہوں نے تاجروں کے بعض مسائل دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔