گندم کی خریداری میں بد عنوانی و بے قاعدگی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر

منگل اپریل 15:20

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں گندم کی سرکاری خریداری کے عمل میں کسی قسم کی بد عنوانی اور بے قاعدگی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا،اس سلسلے میں جانچ پڑتال کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی ہمہ وقت سرگرم عمل رہیں گی۔ وہ سمندری ،جڑانوالہ،مامون کانجن،کنجوانی،سرشمیر،تاندلیانوالہ اور دیگر خریداری مراکزکے کاشتکاروں کے لیے کیے گئے انتظامات کاجائزہ لے رہے تھے ۔

انہوں نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے عمل اور ان میں باردانہ کی تقسیم کاکام چیک کرتے ہوئے سٹاف سے کہا کہ حکومت پنجاب گندم خریداری مہم کو شفاف اورمنظم رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہے لہٰذ ا کسی قسم کی ہیرا پھیری یا بددیانتی سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر قصوروار ملازمین کا سختی سے محاسبہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو سہولیات اورحقوق کا ہرممکن خیال ر کھا جائے تاکہ انہیں معمولی سی بھی شکایت پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے سٹاف کی حاضری یقینی ہونی چاہیے جبکہ غیر حاضر سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ڈی سی نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور باردانہ کی تقسیم کا ریکارڈ چیک کیا اور گرداوری کی تصدیق کے عمل کو مزید سہل بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری مہم کے بارے میں معلومات،رہنمائی یا شکایت کی صورت میں حکومت پنجاب کے ٹال فری نمبرز0800-13505اور 0800-60606پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :