عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، بلاول بھٹو صرف میرا ہی نہیں بلکہ آپ سب کابھی بھائی ہے، آصفہ بھٹو زرداری

بلاول بھٹو بھی بی بی شہید کی طرح عوام کا درد محسوس کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کو صرف اور صرف عوام کا مفاد عزیز ہے،جدیدٹیکنالوجی ہولوگرام کے ذریعے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، بلاول بھٹو صرف میرا ہی نہیں بلکہ آپ سب کابھی بھائی ہے۔ہولو گرام کے ذریعہ کارکنان سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد میرے والد نے پاکستان کھپے کانعرہ لگا کر ملک کو بچایا، آصف زرداری نے اپنے دور صدارت میں عوامی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے۔

انہوں نے کہاکہ آج پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے اور پیپلزپارٹی کے سوا کوئی بھی جماعت پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتی، پی پی کو ہمیشہ اس وقت اقتدار ملاجب ملک بحرانوں کا شکار ہوتا ہے، پی پی نے انتقامی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے۔

(جاری ہے)

آصفہ بھٹوزرداری نے کہاکہ بلاول بھٹو بھی بی بی شہید کی طرح عوام کا درد محسوس کرتے ہیں، عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، پاکستان کے عوام بلاول بھٹوکی قیادت میں متحد ہیں۔

پیپلزپارٹی کو صرف اور صرف عوام کا مفاد عزیز ہے، بلاول بھٹو صرف میرا ہی نہیں بلکہ آپ سب کابھی بھائی ہے، امید ہے آپ جوش اور ولولے کے ساتھ بلاول کے دست وبازو بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو پہلامتفقہ آئین دیا، جتنا پیپلزپارٹی کو مٹانے کی کوشش کی گئی یہ اتنے ہی عزم سے ہم اٹھتی ہے۔