پنجاب بھرمیں904ٹریفک حادثات ،7ا فراد جاںبحق، 1027زخمی

منگل 24 اپریل 2018 15:50

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب کی904 مختلف مقامات پرروڈ ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں608 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی اور تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، ان حادثات میں412 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی، پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ان ٹریفک حادثات میں 7 افراد جان کی بازی ہارگئے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئیں۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 431 ڈرائیوز،21کم عمرڈرائیورز، 475 مسافراور121 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے ، اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ212 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میںموصول ہوئیں، جن میں صوبائی درالحکومت225 متاثرین کے ساتھ پہلے ، فیصل آباد86 حادثات میں99 متاثرین کے ساتھ دوسرے اورگوجرانوالہ72 حادثات میں73 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1027متاثرین میں800 مرد اور227 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوںمیں 183 افراد کی اوسط عمر18سال سے کم اور586 افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ258زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے، ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں668 موٹر سائیکلز،147آٹو رکشے،64موٹر کاریں،18مسافربسیں،42وین،29ٹرک اور122دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔