سندھ بھرمیں انٹر کے امتحانات کا آغاز واٹس ایپ پر پرچہ آوٹ ہوگیا

اعلی ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے میڈیکل طالبہ کا سینٹر لڑکوں کے کالج میں بنادیا

منگل 24 اپریل 2018 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سندھ بھرمیں انٹر کے امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ کراچی میں امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے باوجود واٹس ایپ پر پرچہ آوٹ ہوگیا۔ اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ نے میڈیکل طالبہ کا سینٹر لڑکوں کے کالج میں بنادیا۔تفصیلات کے مطاب کراچی میں انٹر سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے امتحانات شروع ہوگئے۔

اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونیوالے امتحانات کے پہلے ہی پرچے میں بے ضابطگیاں نظر آئیں۔نقل کی روک تھام کے اقدامات کے باوجود زولوجی کا پرچہ واٹس اپ پر عام ہوگیا۔طلبہ نے پرچہ شروع ہونے کے دس منٹ بعد ہی تمام سوالات کے جوابات بھی سوشل میڈیا پراپ لوڈ کردیئے۔

(جاری ہے)

پرچے کے دوران موبائل کا استعمال بھی جاری رہا۔ کراچی بورڈ نے پری میڈیکل کی طالبہ کا سینٹر ہی تبدیل کرڈالا۔

۔فاریحہ جنید کا امتحانی مرکزگورنمنٹ ڈگری بوائز کالج بفرزون میں بنادیاگیا۔ دوسری طرف کنٹرولر امتحانات محمد جعفر کہتے ہیں تمام انتظامات مکمل ہیں۔ امتحانات خوش اسلوبی سے کرانے کے لیے پر امید ہیں۔ انٹر کے امتحانات میں ایک لاکھ چورانوے ہزار سے زائد طلبہ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ شہر بھر میں دو سو اکیس امتحانی مراکز قائم ہیں۔ چونسٹھ کو امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ اطراف میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہے۔ انٹر کے امتحانات سترہ مئی تک جاری رہیں گے