ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت ،

نیب کے گواہ عبدالرشید جوکھیو کو دستاویزات پیش کرنے کا حکم

منگل 24 اپریل 2018 16:53

ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت ،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس میں نیب کے گواہ عبدالرشید جوکھیو کو دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ منگل کو احتساب عدالت کے روبرو ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم، اعجاز چوہدری، اطہر حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

گواہ نے بیان دیا نیب نے 8 سوال پوچھے تھے ان کا تحریری جواب دیا۔ ڈاکٹر عاصم کبھی بھی اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبر نہیں رہے۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے گواہ عبدالرشید جوکھیو کے بیان پر ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے جرح مکمل کرلی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ کو تمام دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سوئی گیس کے معاہدوں سے متعلق مکمل تفصیلات پیش کریں آئیں بائیں شائیں نہیں چلے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے بعض دفعہ انسان کو ناکردہ گناہوں کی سزا ملتی ہے۔یہ مکافات عمل ہوسکتا کے اللہ نے توبہ کا دروازہ کھول رکھا ہے انسان کو توبہ کرتے رہنا چاہئے کسی وقت بھی پکڑ ہوسکتی ہے۔بعض اعلی عہدوں پر فائزلوگ ایسے کرتے ہیں، نقصان تو ملک کا ہوتا ہے۔