پاکستان کی جانب سے جناح سکالر شپ پرگرام کے تحت’اے‘ لیول کے مستحق سری لنکن 182طلبہ کو وظائف کی ادائیگی

تقریب بندرانائیکے میموریل انٹر نیشنل کانفرنس ہال کولمبو میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئر مین یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سری لنکا پروفیسر موہن ڈی سلوا تھے پاکستان و سری لنکا کے درمیان گہرے تعلقات قائم،سکالر شپس حاصل کرنے والے طلبہ مبارک باد کے مستحق ہیں، نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی جاری رکھیں گے سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر شاہد احمد حشمت کا تقریب سے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 17:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان نے جناح سکالر شپ پرگرام کے تحت سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشین کے ذریعے ’اے‘ لیول کے سری لنکن مستحق طلبہ کو 182وظائف دیے گئے۔اس سلسلے میں سکالر شپس دینے کی تقریب گزشتہ روز بندرانائیکے میموریل انٹر نیشنل کانفرنس ہال کولمبو میں منعقد ہوئی۔یونیورسٹی آف سری جاوا وردنیپورہ کے وائس چانسلر پروفیسر سمپتھ امارا ٹنگا،وائس چانسلر یونیورسٹی آف موراٹوا پروفیسر کے کے سی اے پیر یرا اور کامیاب طلبہ کے والدین سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

چیئر مین یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سری لنکا پروفیسر موہن ڈی سلوا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر شاہد احمد حشمت نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گہرے اور مستحکم تعلقات قائم ہیں۔

(جاری ہے)

سکالر شپس حاصل کرنے والے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں اور انہیں بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے سری لنکا کو تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ جناح سکالرشپس کے علاوہ پاکستان سری لنکا کے طلبہ کو طب،انجینئرنگ،فارمیسی اور ڈینٹسٹری اور دیگر شعبوں میں بھی وظائف دے رہا ہے۔چیئر مین یو جی سی پر فیسر موہن ڈی سلوا نے اس موقع پر تخلیق پاکستان کیلئے جدوجہد پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے جناح سکالر شپس پروگرام کو سراہا جس سے سینکڑوں سری لنکن طلباء وطالبت مستفید ہو رہے ہیں۔2006ء سے اب تک 1500سری لنکن طلباء و طالبات کو سکالر شپس دیے گئے ہیں۔