لاہور ہائی کورٹ :خواجہ سرائوں کے حقوق سے متعلق درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری

منگل 24 اپریل 2018 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سراؤں پرتشدد کے خلاف ،اسمبلی میں نمائندگی دینے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی درخواست پروفاقی حکومت،حکومت پنجاب اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار عاطف ستار آرائیں نے موقف اختیار کیا کہ معاشرے میں رہنے والے خواجہ سرائوں کو ہجڑا، کھسرا، نتو کے نازیبا ناموں سے پکارا جاتا ہے،انہیں بنیادی شہری حقوق میسر نہیں ،انہوں نے بتایا کہ خواجہ سرائوں کو حج اور عمرے کے لئے مناسب مواقع دستیاب نہیں ہیں، سینیٹ ،قومی و صوبائی اسمبلی میں مناسب نمائندگی نہ ہونے سے ان کی زندگی مشکلات سے بھرپور ہے اور معاشرے میں ان کی عزت اور تکریم نہیں کی جاتی،انہوں نے ا ستدعا کی کہ خواجہ سرائوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے احکامات کے ساتھ ساتھ محروم طبقہ ہونے کے باعث انہیں دوائیوں، لباس اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا کی خریداری میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس سے استثنی دیا جائے،مزید استدعا کی گئی خواجہ سرائوں پر ہونے والے ہر قسم کے تشدد کو روکا جائے،جس پر عدالت نے وفاقی حکومت،حکومت پنجابا ور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔