Live Updates

عمران خان کا نیا پاکستان کا نعرہ بے نقاب ہو چکا ہے، بیرسٹر ظفراللہ خان

منگل 24 اپریل 2018 17:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفراللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا نیا پاکستان کا نعرہ بے نقاب ہو چکا ہے کیونکہ ان کی جماعت کے ایم پی ایز سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جن اراکین صوبائی اسمبلی پر سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا گیا انہوں نے عمران خان کے ان الزامات پر حلف دے دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے وقت انصاف کے بنیادی تقاضوں کو بھی پورا نہیں کیا گیا کیونکہ ان کے خلاف کوئی انکوائری ہی نہیں کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سیاسی جماعتوں میں اصلاحات کے اقدام کی سخت مخالف تھیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے مستقبل میں ہارس ٹریڈنگ کی شکایات سے بچنے کے لیے سینیٹ انتخابات کے قوانین میں اصلاحات لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوں کو اجتماعی کوششیں کرنی چاہیئں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک جمہوری جماعت ہے۔ بیرسٹر ظفراللہ خان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ماضی میں غلطیاں کیں لیکن ان سب نے ان غلطیوں سے سیکھا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات