لندن میں میراتھون رنر ہسپتال میں انتقال کرگیا

لندن کے ریکارڈ گرم ترین میراتھون میں 29 سالہ باورچی بھاگتے ہوئے گر پڑا تھا

منگل 24 اپریل 2018 17:35

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2018ء) تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ لندن کے ریکارڈ گرم ترین میراتھون میں 29 سالہ باورچی بھاگتے ہوئے گر پڑا تھا۔انہوں نے بتایا کہ میٹ کیمپ بیل ریس میں 22.5 میل کی مسافت طے کرنے کے بعد گر پڑا تھا جس کے بعد اسے ہسپتال لے جانے سے قبل ڈاکٹرز کی جانب سے فوری طبی امداد دی گئی۔کیمپ بیل جنہوں نے 8 اپریل کو مینچیسٹر میراتھون کو 3 گھنٹے کے اندر مکمل کیا تھا، اپنے والد مارٹن کی یاد میں دوڑ میں شریک ہوئے تھے جن کا انتقال 2 سال قبل ہوا تھا۔

تقریب کے منتظمین کی جانب سے جاری اعلامیے میں ان کا کہنا تھا کہ لندن میراتھون کے ادارے میں موجود تمام افراد میٹ کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میٹ کی موت کی وجہ طبی ماہرین کی جانب سے معائنہ کرنے کے بعد معلوم ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ میٹ کیمپ بیل گزشتہ سال برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پکوان کے حوالے سے پروگرام ماسٹر شیف: دی پروفیشنلز کے سیمی فائنلز تک پہنچے تھے۔

شمالی مغربی انگلینڈ کے لیک ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے کیمپ بیل نوجوانوں کے لیے چیریٹی کے لیے پیسے اکھٹے کر رہے تھے اور میراتھون سے قبل انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے فالوورز کو پیغام دیا تھا کہ وہ اس دوڑ میں اپنے مرحوم والد کی یاد میں شرکت کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کے روز ہونے والا 38 واں لندن میراتھون اس وقت تک کا گرم ترین میراتھون تھا جس میں گرمی کی شدت 24.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی تھی۔
لندن میں میراتھون رنر ہسپتال میں انتقال کرگیا

متعلقہ عنوان :