حماس ڈاکٹر فادی البطش کے مجرمانہ قتل کی تحقیقات کیلئے ہرممکن اقدام کریگی، قاتلوںکو عبرتناک سزا مل کر رہے گی، اسماعیل ھنیہ

مجرموں کو فلسطینی سائنسدان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا، میڈیا سے گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 18:02

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کے مجرمانہ قتل کی تحقیقات کیلئے ہرممکن اقدام کرے گی، قاتل سزا سے بچ نہیں سکیں گے،عبرت ناک سزا مل کر رہے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماس سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ڈاکٹر البطش کو جس نے بھی شہید کیا وہ سزا ضرور بھگتے گا۔

وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مجرم ہمارے ہاتھ میں ہوں گے۔ انہیں فادی البطش کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ڈاکٹر فادی البطش کے قتل میں اسرائیل اور اس کا خفیہ ادارہ موساد ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں 21اپریل کو فلسطینی نوجوان سائنسدان کے قتل میں اسرائیل کے سوا اور کوئی ملوث نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی مکروہ تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے اور وہ فلسطینی اور مسلمان سائنسدانوں کو قتل کرنے کی مجرمانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ڈاکٹر البطش نہ صرف ایک سائنسدان تھے بلکہ وہ فلسطین کے سفیر تھے۔ اپنی ایجادات اور سائنسی خدمات سے ہٹ کر وہ ایک داعی، عالم اور استاد تھے اور ساتھ ہی وہ آزادی فلسطین کے ایک متحرک رکن تھے۔اسماعیل ھنیہ نے شہید ڈاکٹر فادی البطش کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ دکھ کے اس لمحے میں حماس کی پوری قیادت اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ البطش خاندان نے تحریک آزادی فلسطین کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔