Live Updates

تحریک انصاف ملکی سلامتی و بقاء اور ملک کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کی جنگ لڑ رہی ہے، فردوس شمیم نقوی

منگل 24 اپریل 2018 18:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پچیس اپریل پی ٹی آئی کابائیسواں یوم تاسیس ہے۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی کی طرف سے میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام کارکنان و عہدیداران اور مرکزی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس یوم تاسیس کے موقعے پر تمام کارکنان و عہدیداران عہد کریں کہ پاکستان تحریک انصاف جو ملکی سلامتی و بقاء اور ملک کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے اور عدل و انصاف کی حکومت قائم کرنے کی جنگ لڑ رہی ہے، اس میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے کارکنان و عہدیداران کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم، پی ٹی آئی لیبر ونگ کے صدر سربلند خان، سیکریٹری اطلاعات کراچی شہزاد قریشی، سدرا عمران، ڈاکٹر سنجے گنگوانی اور سبحا ن علی ساحل بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بائیسویں یوم تاسیس کے موقعے پر پی ٹی آئی کراچی مجاہد کالونی ، ضیا ء الدین ہسپتال، اقراء یونیورسٹی کراچی کے قریب سات بجے شام کوایک پر مسرت پروگرام کا اہتمام کر رہی ہے۔ہم تمام عہدیداران و کارکنان کو دعوت دیتے ہیں کہ اس پروگرام میں پی ٹی آئی کراچی کے تمام عہدیداران و کارکنان شریک ہوں اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور اعلیٰ قیادت کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے ہر چھوٹے سے چھوٹے کارکن کو بھی خراج عقیدت پیش کریں۔

ہر کارکن پاکستان تحریک انصاف کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور چیئرمین عمران خان کی تئیس سالہ جدوجہد کا ثمر آج پاکستان تحریک انصاف جیسی بڑی سیاسی جماعت کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروگرام میں پی ٹی آئی کارکنان اور عہدیداران پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی خوشی منائیں گے ، پی ٹی آئی رہنما تقریر کریں گے، آتش بازی ہوگی اور ایک دوسرے کو مبارکباد کے پیغامات دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان اپنی مرضی سے خوشی کے اظہار کے دیگر طریقے بھی تلاش کرسکتے ہیں۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی کے کارکنان و عہدیداران نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کو اس حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیںجس پر اجلاس کا اختتام ہوا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات