آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے تک بھارت سے دوطرفہ سیریز نہیں ہو گی ،ْنجم سیٹھی

میڈیا پاک بھارت میچز کے انعقاد کے لیے اپنے بورڈ پر دباؤ ڈالے ،ْ میڈیا سے بات چیت

منگل 24 اپریل 2018 18:25

آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے تک بھارت سے دوطرفہ سیریز نہیں ہو گی ،ْنجم ..
کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز کے تنازع کے حوالے سے قائم آئی سی سی کمیٹی کا فیصلہ آنے تک پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہوں گے۔نجم سیٹھی کولکتہ میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے 5 روزہ اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت میں موجود ہیں۔

میڈیا سے درخواست کی کہ وہ پاک بھارت میچز کے انعقاد کے لیے اپنے بورڈ پر دباؤ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے دونوں ملکوں کے مابین سیریز کے انعقاد کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر کچھ خاص دباؤ نہیں ڈالا جاتا حالانکہ دونوں ملکوں کے شائقین پاک بھارت میچز کے لیے بے چین رہتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سیریز کے تنازع کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ جب تک بی سی سی آئی سے معاہدے کے حوالے سے آئی سی سی کی تنازعات کے حل کیلئے قائم کمیٹی کوئی فیصلہ نہیں کرتی، پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ سیریز نہیں ہوں گی، جب وہ کوئی فیصلہ کر لیں گے تو پھر ہم دیکھیں گے کہ کس طرح آگے بڑھنا ہے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے کہا کہ آئندہ 5 سال کے لیے تیار کردہ نئے فیوچر ٹور پلان پر معاملات طے پا چکے ہیں جہاں بھارت نے پاکستان سے کوئی میچ نہیں رکھا لیکن اس فیوچر ٹور پروگرام پر ہماری رضامندی آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے سے مشروط ہے کیونکہ اگر فیصلہ ہمارے حق میں ہوتا ہے تو انہیں فیوچر ٹور پروگرام تبدیل کرنا پڑے گا لہٰذا دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کا انعقاد آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے پر ہے جو ممکنہ طور پر رواں سال اکتوبر نومبر تک آ جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ ہم نے آئی سی سی ٹریبونل کے سامنے یہ گزارش کی ہے کہ بھارت نے ایک معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا اب کمیٹی کو دو چیزوں کا فیصلہ کرنا ہے۔ پہلا یہ کہ بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی یا نہیں جبکہ دوسری یہ کہ اگر انہوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو وہ ہمیں سیریز نہ کھیلنے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا کیا ہرجانہ ادا کریں گے۔

دوطرفہ سیریز کے نیوٹرل مقام پر انعقاد کے حوالے سے سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت ہمارے ساتھ نیوٹرل مقام پر بھی دوطرفہ سیریز کھیلنا نہیں چاہتا حالانکہ ہم نے سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے نیوٹرل مقام پر سیریز کرانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب بھارت کا کا کہنا ہے کہ انہیں سیریز کھیلنے کے لیے اپنی حکومت سے اجازت نہیں ملی۔سیٹھی نے کہا کہ ہمارا بھارتی بورڈ سے یہی کہنا ہے کہ آپ کو اپنی حکومت سے اجازت لینے کی کیا ضرورت ہے کیونکہ ہمیں آپ سے کھیلنے کے لیے اپنی حکومت سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں جبکہ آئی سی سی بھی کرکٹ بورڈ کے معاملات میں حکومتی مداخلت کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے معاہدے میں کہیں بھی سیریز کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار نہیں دیا تھا اور اگر یہ بات اتنی ہی اہم تھی تو انہوں نے اس بات کو معاہدے کا حصہ کیوں نہیں بنایا ۔