موجودہ حکمرانوں کایوم حساب شروع ہوچکاہے،اسلامی انقلاب ملک کامقدر ہے‘میاں مقصود احمد

متحدہ مجلس کی قیادت صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑ کے سامنے کھڑی ہوگی،کچھ لوگ دینی شخصیات کو بدنام کرکے عوام کو دین سے متنفر کرنا چاہتے ہیں‘ صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب وامیرجماعت اسلامی پنجاب کی مختلف عوامی وفود سے گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 19:11

موجودہ حکمرانوں کایوم حساب شروع ہوچکاہے،اسلامی انقلاب ملک کامقدر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان کے عوام متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں گے،موجودہ حکمران پاکستان کو سیکولرریاست بناناچاہتے ہیں، امریکہ کی مرضی پر عمل کرتے ہوئے توہین رسالتؐ کے ملزمان کوتحفظ دیتے ہیں اور ممتازقادری ؒ جیسے عاشق رسولؐ کو پھانسی دیتے ہیں،ان حکمرانوں کایوم حساب شروع ہوچکا ہے، انشاء اللہ ایک بابرکت اسلامی انقلاب اس ملک کامقدربنے گا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری بدقسمتی ہے کہ جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں یہ بظاہرجمہوریت اور اسلام کانام لیتی ہیں لیکن کئی کئی بار حکومتوں میں موقع ملنے کے باوجودانہوں نے ہی سب سے زیادہ ملک کے اسلامی تشخص پروارکیاہے،نہ انہوں نے خوداسلامی نظام حیات کو اختیارکیاہے اور نہ ہی آئین اور قانون کے مطابق اسلام کو اس ملک کاقانون بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پربنا اور لاکھوں مسلمانوں نے اس کو حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دیں۔لوگوں نے اس خطہ کو اسلام کاقلعہ بنانے کیلئے جائیدادیں چھوڑدیں،رشتہ داریاں چھوڑدیں،تن کے کپڑے لے کراس ملک میں آگئے مگربدقسمتی سے مٹھی بھر اشرافیہ نے مل کران کے جذبوں کو مجروح کیاہے،ان کی قربانیوں کامذاق اڑایاہے جس کاآج ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت قوم کواتحادکی ضرورت ہے،ہمارابڑا دشمن ہمارے بالکل سر پر کھڑاہے،اور اللہ ہمیں روزدکھارہاہے کہ تمہارے مسلمان بھائی محض گائے کاگوشت کھانے کے شبہ میں قتل ہورہے ہیں توپاکستانیو جاگ جائو،تمہیں میںنے کتنا بڑاخطہ عطا کیا ہے لیکن تم سے اس کی ناقدری ہورہی ہے۔حکمرانوں کی کاسہ لیسی سے یہ بات بالکل واضح ہوگئی ہے کہ موجودہ حکمران ہوں یاماضی کے حکمران ہوں یاجوخودکو اسٹینڈبائی وزیراعظم سمجھتے ہیں یہ عالمی صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑ کے آگے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔

میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ انشاء اللہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت اس صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑکے سامنے کھڑی ہوگی ۔اس وقت پاکستان کو ایک باکرداراور جرات مندقیادت کی ضرورت ہے،جوصرف قرآن وسنت کی بنیادپرہی ممکن ہو سکتی ہے ۔ جوبھی پروپیگنڈہ دینی جماعتوں کے بارے میں کیاجاتاہے یہ بھی استعمارکاایجنڈاہے تاکہ دینی شخصیات کوبدنام کرکے لوگوں کو دین سے متنفرکیاجائے لیکن انشاء اللہ ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔