فنڈزکے منصفانہ استعمال سے ہی ضلع ملیر کو ماڈل ضلع بنا نے میں مدد ملے گی، جان محمد بلوچ چیئرمین بلدیہ ملیر

منگل 24 اپریل 2018 19:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر کی ہر خراب شاہراہ کوازسرنو تعمیر کر کے عوام کو لاحق دشواریوں کا خاتمہ کر رہے ہیں ،ترقیاتی کاموں میں منتخب بلدیاتی نمائندوں اورعوام کی سفارشات ترجیحات میںشامل ہیں،بلدیہ ملیرکی یوسیزکو پچھلے ادوار میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے نظر انداز کیا گیا،جس کی وجہ سے یوسیز میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں زیادہ توجہ دے رہے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کے تحت غریب عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچارہے ہیں، بلدیہ ملیر کو ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے مثالی ضلع بنائینگے ، ہمیں ملنے والا فنڈ عوام کی امانت ہے جس کوجامع پلان اور سروے کے بعد استعمال میں لایا جارہا ہے، فنڈکے منصفانہ استعمال سے ہی ضلع ملیر کو ماڈل ضلع بنا نے میں مدد ملے گی،بلدیہ ملیر کی عوام کو تمام تر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں، 15 شعبان سے قبل قبرستانوں کے اطراف مرکزی و ذیلی شاہراہوں کی درستگی کو یقینی بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین عبدالخالق مروت ،میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یوسی غریب آباد وارڈ4 القدوس سوسائٹی سے مومن آباد تک مشینی روڈ کارپیٹنگ کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن ،ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈائری، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ واثق ظفر اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیرمیں شاہراہوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے میٹریل، روڈ لیول اور تھکنس کا خاص خیال رکھا جائے ، روڈ کے تعمیراتی کام مقررکردہ وقت پر مکمل کئے جائیں، روڈ کی تعمیر میں آنے والی تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے، روڈ کی تعمیر سے قبل بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے بندوبست کویقینی بنایا جائے۔