پنجاب یونیورسٹی میں خصوصی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

منگل 24 اپریل 2018 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام خصوصی تعلیم میں تحقیق کے شعبے میں پہلی تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب پرویز حسن اینوائرمینٹل لاء آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں امریکہ سے پروفیسر ڈاکٹر آفتاب اے خان، نیوزی لینڈ سے پروفیسر ڈاکٹر باربرافوگارٹی، برطانیہ سے پروفیسر ڈاکٹر غلام حسین رسول، چئیرمین اخوت فاو،ْنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلیمان، شعبہ سپیشل ایجوکیشن کی چئیر پرسن ڈاکٹر حمیرا بانو، ملک بھر سے آئے محققین اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خصوصی تعلیم میں تحقیق پر منعقد کی گئی یہ پہلی کانفرنس ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا بانو نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد خصوصی تعلیم کے شعبے میں ماہرین کے جدید تحقیق سے استفادہ کرنا اور طلباء و طالبات کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس مختلف شعبوں میں محققین کے لئے ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیقات سے استفادہ کرنے کا بہترین موقع ہے۔