مڈغاسکر، انتہائی نادر قسم کے 10ہزار کچھوے برآمد، مالک مکان سمیت 3افرادگرفتار

منگل 24 اپریل 2018 19:23

مڈغاسکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2018ء) مڈغاسکر میں ایک مکان سے انتہائی نادر قسم کے 10ہزار کچھوے برآمد کر لئے گئے،180کچھوے مرے ہوئے برآمد ہوئے، پولیس نے مالک مکان سمیت 3افراد کو گرفتار کر لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مڈغاسکر میں ایک مکان سے انتہائی نادر قسم کے 10ہزار کچھوے برآمد کر لئے گئے۔کچھوے طرح طرح کے ہوتے ہیں۔

رنگ اور سائز دونوں کا فرق عام طور پر نظر آتا ہے جبکہ بعض کچھوے انتہائی خوبصورت بھی نظر آتے ہیںاور انہیں مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے۔ مقامی حکام نے مڈغاسکر کے ساحلی علاقے میں ایک دو منزلہ مکان سے انتہائی نادر قسم کے 10ہزار کچھوے برآمد کئے جنہیں انتہائی ناگفتہ بہ حالت میں گھر کے اندر بند کرکے رکھا گیا تھا۔ حکام کا کہناہے کہ پڑوسیوں نے اس مکان سے اٹھنے والی بدبو کی وجہ سے پولیس سے رابطہ کیا تھا اور جب پولیس موقع پر پہنچی تو انتہائی ہولناک منظر نظر آیا۔

(جاری ہے)

پولیس چھاپے کے وقت گھر میں کوئی بھی نہیں تھا مگر اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی رہی ہو کہ پورے مکان میں ہر طرف صرف کچھوے ہی کچھوے تھے۔ کوئی جگہ ایسی خالی نہیں تھی جہاں کچھوؤوں کے علاوہ کوئی دوسرا قدم بھی رکھ سکتا ہو۔ ان کچھوئوں کی بو بھی عام انسان کیلئے ناقابل برداشت تھی۔ مقامی ماحولیاتی ادارے کی سربراہ سواری کا کہناہے کہ مکان سے انتہائی ناقابل برداشت قسم کی بدبو کی اطلاع پر وہ پولیس کے ساتھ خود بھی وہاں گئیں۔

نیشنل جغرافی ڈاٹ کام کو انہوں نے بتایا کہ اب تک اس قسم کا ہولناک منظر میں نے زندگی بھر نہیں دیکھا تھا۔ گھر سے اٹھنے والی بو ان ہزاروں کچھوئوں کی آلائش کی وجہ سے اور بھی ناقابل برداشت ہوگئی تھی۔ غرض یہ کہ ہر جگہ یہ کچھوے موجود تھے جن میں سے 180کچھوے پولیس کے پہنچنے تک مر چکے تھے۔ پولیس نے مالک مکان سمیت 3افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 2 خواتین شامل ہیں۔ملائیشیا کے حکام نے گزشتہ سال مئی میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے تقریباً330نادر قسم کے ایسے کچھوے پکڑے تھے جو مڈغاسکرسے لائے گئے تھے اور جن کی مالیت ڈھائی لاکھ ڈالر تھی۔

متعلقہ عنوان :