کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیرکی نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہی ہے، سیدعلی گیلانی

حریت چیئرمین اور اشرف صحرائی کی طرف سے آسیہ اندرابی اورنکی ساتھیوں کی گرفتاری کی شدید مذمت

منگل 24 اپریل 2018 19:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے کی مجموعی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے کوچنگ سینٹروں کو بند کر کے نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے محروم کرنے کی گھنائونی سازش پر افسوس ظاہر کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے پورے مقبوضہ علاقے بالخصوص وادی کشمیر میں پرائیویٹ کوچنگ سینٹروں کو بند کرنے کے نام نہاد حکومتی اعلان کو تاناشاہی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ ہندو انتہاپسندتنظیم آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر کشمیرکی نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ نے اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے ہندو انتہاپسند تنظیموں شیوسینا اور آر ایس ایس کے سامنے اپنی خوداختیاری کو گروی رکھ دیا ہے اور کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے کیلئے ناگپور سے احکامات صادر کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ موجودہ نااہل حکومت بھی اپنے پیشرو حکمرانوں کی طرح نوجوانوںکو اپنے ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے دیوارکے ساتھ لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ہے اور اٴْلٹاپتھرائو سمیت جھوٹے الزامات نوجوانوں بالخصوص طلباء پر لگا نے میں بھی شرم محسوس نہیں کرتی۔

سیدعلی گیلانی نے پرائیویٹ ٹیوشن مراکز کی طرف سے طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی انتھک کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا۔انہوں نے نام نہاد حکمرانوں کے ذریعے جموںوکشمیر کی معیشت، معاشرت، تجارت اور ثقافت یہاں تک کہ اب تعلیمی شعبے کو بھی مکمل طور پر بانجھ بناکر ایک دھماکہ خیز صورتحال کو جنم دینے کی مکروہ سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی قوتوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنے نوآبادیاتی علاقوں میں تمام شعبہ ہائے زندگی کو تہس نہس کرکے رکھ دیتے ہیں۔