اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تنازعہ کشمیر کا مستقل اور پائیدارحل موجود ہے، مسلم کانفرنس

تحریک آزادی اہم موڑ پرکھڑی ہے ،دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہمیں باہمی اختلافات کو بھلاکرمتحد ہوجانا چاہئے، شبیر احمد ڈار

منگل 24 اپریل 2018 19:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم کانفرنس جموں وکشمیر نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تنازعہ کشمیر کا مستقل اور پائیدارحل موجود ہے جس کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ بات سرینگر میں مسلم کانفرنس کے ایک اجلاس میں کہی گئی جس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کی۔

اجلاس میں کہاگیا کہ موجودہ تحریک آزادی شہداء کے خون سے عبارت ہے اور ہم سب کا ملی فریضہ ہے کہ جس مقصد کے لیے یہ عظیم قربانیاں دی گئیں اس کو اپنا مقصد حیات بنالیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مسلم کانفرنس ایک نظریاتی تنظیم ہے اوریہ کشمیریوں کو غیر ملکی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے وجود میں آئی تھی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہاگیا کہ تحریک آزادی ایک اہم موڑ پرکھڑی ہے اورہمیں باہمی اختلافات کو بھلاکرمتحد ہوجانا چاہیے تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔

اجلاس میں کہا گیاکہ مسلم کانفرنس نے 19جولائی 1942ء کو قابض قوتوں کے خلاف صف آراء ہوکر کشمیر کی مکمل آزادی کے لیے جدوجہد شروع کی تھی ۔ 1947ء میں ایک سازش کے تحت کشمیر کو بھارت کی غلامی کا طورق پہنایا گیا جس کو کشمیریوں نے کبھی قبول نہیں کیا۔ اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ محمد سلطان ماگرے، معراج الدین صالح، ایڈوکیٹ عبدالحمید بٹ، محمد رمضان وانی، جاوید احمد خان، ریاض احمد شاہ، عبدالمجید ڈار، فدا حسین ، شمیم احمد ڈار اور شریف الدین نے شرکت کی۔ دریں اثناء مسلم کانفرنس نے ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔