جمرود:تیراہ راجگل متاثرین کااپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کے دوران پاک آرمی کے حق میں نعرے

اپنے سیکورٹی فورسز پر فخر ہے جنھوں نے وادی تیراہ کو کلیئر کرنے کیلئے بیش بہا قربانیاں پیش کی، وادی تیراہ کے متاثرین محب وطن ہیں اور انھوں نے بھی امن کو قائم کرنے کیلئے اپنے فورسز کے شانہ بشانہ قربانیاں دی ، مظاہرین

منگل 24 اپریل 2018 19:40

جمرود(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) تیراہ راجگل متاثرین نے پیر کے روز جمرود باب خیبر کے مقام پراپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں ملک ڈاکٹر شاہ خان، ملک نورظاہر ، ملک ضابط خان سمیت کثیر تعداد میں متاثرین تیراہ نے شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرہ جمرود ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوا اور بائی پاس روڈ سے ہوتے ہوئے باب خیبر کے مقام پر جلوس کی شکل اختیار کرگیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے پاکستان ،پاک آرمی ، خاصہ دار و لیوی فورسززندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اپنے سیکورٹی فورسز پر فخر ہے جنھوں نے وادی تیراہ کو کلیئر کرنے کیلئے بیش بہا قربانیاں پیش کی، وادی تیراہ کے متاثرین محب وطن ہیں اور انھوں نے بھی امن کو قائم کرنے کیلئے اپنے فورسز کے شانہ بشانہ قربانیاں دی ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہماری راشن بند ہوچکی ہے جس سے ہمارے مشکلات بڑھ گئی ہیں، ایف ڈی ایم اے کے مشکور ہیں جنہوں نے آئی ڈی پیز کو رجسٹر کردیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم بے سروسامانی کی حالت میں زندگی کے شب و روز بسر کرنے پر مجبور ہیں لیکن دوسری جانب ہمارے ساتھ فاٹا کے دوسرے حصوں کی طرح امداد تاحال نہیں کی گئی ہے۔حکومت نے چار لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ رقم ایک کمرہ بنانے کیلئے بھی ناکافی ہے اسلئے اس امدادی رقم میں اضافہ کیا جائے اورمتاثرین کے بے روزگار نوجوانوں کو فورسز میں بھرتی کیا جائے۔

مظاہرین نے باب خیبر کے مقام پر مظاہرہ کرنے کے بعد جمرود پریس کلب کے سامنے بھی مظاہرہ کیا انھوں نے کہا کہ ووٹ اس شخص کو دینگے جو ہمیں آئی ڈی پیز تسلیم کرتا ہو اور ہمارے لئے اواز اٹھائیں ۔