موجودہ حکومت نے ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،آئندہ الیکشن میں فتح مسلم لیگ(ن) کی ہوگی، ملک شکیل اعوان

منگل اپریل 19:42

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے راہنما ملک شکیل اعوان نے کہا ہے موجودہ حکومت نے ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جس کی وجہ سے انتخابات 2018ء میں مسلم لیگ (ن)شاندار کامیابی حاصل کرے گی، ستر سال کی تاریخ میں پنڈی میں کسی سیاسی جماعت نے سوئی گیس کی پائپ لائن نہیں ڈالی،آج شیخ رشید کی راولپنڈی میں سیاست کا باب بند کردیا ہے، پانچ ارب تیس کروڑ روپے کی لاگت سے دو سو بستروں کے ماں بچہ ہسپتال کی منظوری ہوچکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق این اے 55 اور موجودہ 62 کی یونین کونسلز کے چیئرمین و لیگی کارکن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے چار تعلیمی ادارے بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے کارڈیالوجی اور میٹروبس کا بہترین تحٖفہ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا ہے کہ علاقے کی عوام کو گیس بحران سے شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے اوراس مسئلہ کے حل کے لئے مریڑ سے لے کر فیض آباد تک اور مختلف جگہوں پر پائپ لائن بچھائی گئی ہے جس پرقائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جب بھی موقع ملا ہم نے کام کرکے ثابت کیا ہے، ہمارے مخالفین نے ہمارے خلاف بہت کچھ کیا جبکہ مخالفین کی جانب سے زچہ بچہ ہسپتال میں کروڑوں روپے ضائع کئے گئے۔ہم نے اس شہر میں چوروں کا ہمیشہ راستہ روکا ہے اس شہر کو لوٹ کر اثاثے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے گذشتہ انتخابات میں شکست کے باوجود اپنے حلقہ میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے ہیں۔