پنجاب یونیورسٹی میں خصوصی تعلیم پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع

منگل اپریل 19:42

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام خصوصی تعلیم میں تحقیق کے شعبے میں پہلی تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے، کانفرنس کی افتتاحی تقریب پرویز حسن اینوائرمینٹل لاء آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، کانفرنس میں امریکہ سے پروفیسر ڈاکٹر آفتاب اے خان، نیوزی لینڈ سے پروفیسر ڈاکٹر باربرافوگارٹی، برطانیہ سے پروفیسر ڈاکٹر غلام حسین رسول، چئیرمین اخوت فاو،ْنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلیمان، شعبہ سپیشل ایجوکیشن کی چئیر پرسن ڈاکٹر حمیرا بانو، ملک بھر سے آئے محققین اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا بانو نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد خصوصی تعلیم کے شعبے میں ماہرین کی جدید تحقیق سے استفادہ کرنا اور طلباء و طالبات کو رہنمائی فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس مختلف شعبوں میں محققین کیلئے ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیقات سے استفادہ کرنے کا بہترین موقع ہے۔