میشا شفیع نے مقدمہ لڑنے کیلئے وکلا کی خدمات حاصل کرلیں

میرا کیس لاہور کے معروف وکیل محمد احمد اور ڈیجیٹل رائیٹس کی سماجی کارکن نگہت داد لڑیں گی،میشاشفیع کا ٹوئٹ میشا شفیع کی جانب سے وکلا کی خدمات حاصل کرنے سے قبل ایک دن قبل ہی علی ظفر نے گلوکارہ کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا

منگل 24 اپریل 2018 19:47

میشا شفیع نے مقدمہ لڑنے کیلئے وکلا کی خدمات حاصل کرلیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) اداکارہ و گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا مقدمہ قانونی طور پر لڑنے کے لیے وکلا کی خدمات حاصل کرلیں۔تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ گلوکارہ کی قانونی ٹیم کب تک عدالت میں علی ظفر کے خلاف درخواست دائر کرے گی۔میشا شفیع کی جانب سے وکلا کی خدمات حاصل کرنے سے قبل ایک دن قبل ہی علی ظفر نے گلوکارہ کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔

ہرجانے کے نوٹس میں علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹے الزامات عائد کرنے کے لیے معافی مانگنے کے لیے 2 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ ان کے خلاف عدالت میں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی دائر کریں گے۔علی ظفر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس ملنے یا نہ ملنے کی تصدیق یا تردید کیے بغیر اب میشا شفیع نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ انہوں نے کیس لڑنے کے لیے وکلا کی خدمات حاصل کرلیں۔

(جاری ہے)

میشا شفیع نے بتایا کہ ان کا کیس لاہور کے معروف وکیل محمد احمد اور ڈیجیٹل رائیٹس کی سماجی کارکن نگہت داد لڑیں گی۔ساتھ ہی میشا شفیع نے میڈیا سے درخواست کی ان کے اور علی ظفر کے درمیان ہونے والے معاملے کی کوئی بھی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ان کی قانونی ٹیم سے رابطہ کیا جائے۔دوسری جانب ان کے وکیل محمد احمد جن کا ٹوئٹر ہینڈل پنسوتا کے نام سے ہے انہوں نے بھی ٹوئیٹ کی کہ وہ میشا شفیع کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ میشا شفیع نے رواں ماہ 19 اپریل کو ٹوئیٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنے ساتھی گلوکار علی ظفر نے متعدد بار جنسی طور پر ہراساں کیا۔انہوں نے طویل عرصے تک خاموش رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اب ان سے خاموش نہیں رہا جاتا۔میشا شفیع کے مطابق علی ظفر نے انہیں ایک ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں نہیں کیا، جب وہ شوبز انڈسٹری میں نئی تھیں، بلکہ انہوں نے ایسے وقت پر انہیں نشانہ بنایا، جب وہ معروف گلوکارہ بن جانے کے بعد 2 بچوں کی ماں بھی بن چکی تھیں۔

دوسری جانب علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ ان کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔گزشتہ روز ہی علی ظفر نے میشا شفیع کو جھوٹے الزامات لگانے پر ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔ماضی میں دونوں گلوکار متعدد بار ایک ساتھ پرفارمنس بھی کرکے چکے ہیں۔میشا شفیع کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد دیگر خواتین نے بھی علی ظفر کے خلاف نامناسب رویے کی شکایت کی تھی۔

علاوہ ازیں اداکارہ عائشہ عمر اور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھی شوبز انڈسٹری میں ہراساں کیا گیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں کن کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔پاکستانی شوبز کی معروف اداکاراں و گلوکاراں کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ہراسگی کی شکایات سامنے آنے کے بعد ملک میں خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراساں کرنے کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :