یونین کونسل بیڑ، کلنجر اور لدڑمنگ کی پسماندگی کی بڑی وجہ ان کا تحصیل غازی میں شامل ہونا ہے، اکبر ایوب خان

منگل اپریل 20:03

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) یونین کونسل بیڑ، کلنجر اور لدڑمنگ کی پسماندگی کی بڑی وجہ ان کا تحصیل غازی میں شامل ہونا ہے، پی کے 40 میں نئی حلقہ بندیوں کے تحت ان کی شمولیت سے ان کے دیرینہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہو گا، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف ایک بہترین ٹیم کی صورت میں قومی اور صوبائی حلقہ پر سامنے آئے گی اور عوام کی تائید و حمایت سے کلین سویپ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہا رصوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان نے کنڈ کالو یو سی لدڑمنگ میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیدوار قومی اسمبلی عمر ایوب خان، ممبر ضلع کونسل عبدالرشید تنولی، محمد پرویز خان، محمد نذیر، نصیر خان، بنارس خان اور معززین برارلیاں، گنڈا سڑا، چوبار بانڈی لبیال موجود تھے۔

(جاری ہے)

عبدالرشید تنولی نے کہا کہ یو سی لدڑمنگ بے شمار مسائل کا شکا رہی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں اور راستوں کی کشادگی، گرلز ہائی سکول کے قیام سمیت ڈسپنسری کا قیام یہاں نہایت ضروری ہے، مواصلاتی سہولت نہ ہونے کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ بحیثیت ایم این اے اپنی بساط سے بڑھ کر خدمات سرانجام دیں اور آئندہ بھی موقع ملا تو خدمت کی روشن مثال قائم کروں گا۔ صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان نے کہا کہ ناممکن کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں، عمل اور خدمت کی سیاست پر کاربند رہتے ہوئے ان یونین کونسلوں کو سہولیات کے اعتبار سے اربن یونین کونسلوں کے برابر لائوں گا، پی کے پچاس کے 90 فیصد مسائل حل کر دیئے ہیں، الله کے فضل سے منتخب ہونے کے بعد ہماری پوری توجہ ان پسماندہ علاقوں پر ہو گی اور یہاں کی عوام نے اعتماد کیا تو ان کی سوچ سے بھی زیادہ مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔