چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا کا شہر کے اچانک دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا، عملہ کو مزید بہتری کیلئے ہدایات دیں

منگل 24 اپریل 2018 20:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا نے شہر کے اچانک دورہ کے دوران صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی ای او نے عملہ کو مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر نور قاسم خان نے شہر کا دورہ کیا جس میں ان کے ہمراہ چیف فنانشل آفیسر عامر ذکی، میڈیا منیجر عمر سواتی اور وسیم عباس تھے۔

دورہ کے دوران انہوں نے سلہڈ، مسلم ٹائون، لنک روڈ اور نواں شہر کے علاقوں میں نالیوں، گلیوں اور سڑکوں پر صفائی کا معائنہ کیا اور عملہ صفائی کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماحول کوصاف رکھنا ہر شہری کا فرض ہے اور کوڑے کرکٹ کو بروقت ٹھکانے لگانا واسا کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سالڈ ویسٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو تاکید کی کہ عوام کو دی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔

نور قاسم خان نے دورے کے دوران تاجران، بلدیاتی نمائندوں اور شہریوں سے ملاقاتیں کی اور ان کے مسائل سننے کے بعد حل کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ سی ای او واسا نے صفائی کے عملہ کی حاضری اور کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سنیٹری ورکر ادارے کا سرمایہ ہے، ان کی حفظان صحت کیلئے باقاعدہ یونیفارم، ہتھیلیاں اور جوتے دیئے گئے ہیں اور ورکرز تمام سہولیات سے استفادہ حاصل کریں تاکہ وہ مختلف بیماریوں سے بچ سکیں۔