کامسیٹس یونیورسٹی میں ہفتہ طلبہ 2018ء کا آغاز ، ڈائریکٹر پروفیسر ارشد پرویز نے فیتہ کاٹ کر تقریبات کا افتتاح کیا

منگل 24 اپریل 2018 20:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) کامسیٹس یونیورسٹی میں ہفتہ طلبہ 2018ء کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ڈائریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر ارشد پرویز نے فیتہ کاٹ کر ہفتہ بھر کے پروگراموں کا افتتاح کیا۔ تقریب یونیورسٹی کے کرکٹ گرائونٹ میں منعقد ہوئی جس میں طلبہ اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کیپٹن طفیل اقبال خان اور مس فرخ جبین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

کرکٹ کے میدان میں اساتذہ ، طلبہ اور مختلف سوسائٹیوں کے ذمہ داراں اور ارکان بھی تعارفی ڈسپلے کارڈ اٹھائے موجود تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد تمام شرکاء نے باواز بلند قومی ترانہ پڑھا۔ افتتاحی تقریب کے انتظامات یونیورسٹی کے استاد عمر حسن کی سربراہی میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے مکمل کئے۔

(جاری ہے)

ہفتہ طلبہ کے کنوینر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امجد حسن نے اس موقع پر طلبہ پر زور دیا کہ وہ ہفتہ بھر کے پروگرامات میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ طلبہ نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاقی اقدام کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ہفتہ پر محیط تقریبات کو دلکش بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی تقریبات میں کار شو اور پٹ شو شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ کار شو کا اہتمام مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر بلال بن سعید نے کیا جس میں مختلف اقسام کی قدیم اور جدید گاڑیوں کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر ارشد پرویز نے طلبہ کو یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، ساتھ ہی طلبہ کو لگن اور محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔

متعلقہ عنوان :