یم ایم اے خیبر پختونخوا میں بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی، سردار ابرار خان

منگل 24 اپریل 2018 20:05

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع ایبٹ آباد کے تمام حلقوں سے اُمیدوار کھڑے کرے گی، خیبر پختونخوا میں بھاری مینڈیٹ سے ہمارے امیدوار کامیابی بھی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارجمعیت علماء اسلام کے رہنما امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 15 سردار ابرار احمد خان، جمعیت علماء اسلام (ف) ضلع ایبٹ آباد کے سیکرٹری جنرل مفتی زین العابدین، جے یو آئی حلقہ پی کے 36 کے امیر مولانا جمشید عباسی اور شوکت عباسی نے بیروٹ میں تنظیمی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب ہزارہ سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں متحدہ مجلس عمل عوام کے دلوں کی آواز بنتی جا رہی ہے اور عنقریب متحدہ مجلس عمل ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر اُبھرے گی۔

(جاری ہے)

سردار ابرار نے کہا کہ آنے والا وقت مذہبی جماعتوں کا ہے جنہوں نے اپنے سابق دور میں صوبہ کو مثالی بنایا، متحدہ مجلس عمل ضلع ایبٹ آباد سمیت ملک بھر میں دیگر جماعتوں کا مقابلہ کرے گی اور عوام کی طاقت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا آنے والے دور میں متحدہ مجلس عمل ملک کی بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی اور بڑی بڑی شخصیات ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے،اس موقع پر حلقہ PK36کی تنظیمی باڈی بھی مکمل کی گئی، علماء کرام نے ایم ایم اے کے تمام امیدوارواں سمیت سردار ابرار خان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔