تعلیم یافتہ خاتون ہی اپنے بچہ کی صحیح پرورش کرنے کا حق ادا کر سکتی ہے، ڈی ای او زنانہ بٹگرام

منگل 24 اپریل 2018 20:05

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ایک تعلیم یافتہ خاتون ہی اپنے بچہ کی صحیح پرورش کرنے کا حق ادا کر سکتی ہے، آج کے جدید دور میں بچیوں کی تعلیم سے انکار نہیں کیا جا سکتا، والدین اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ بٹگرام ریحانہ یاسمین نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خراڑی کے قریب کالج بلڈنگ میں داخلہ مہم کے حوالہ سے منعقدہ گرینڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں مختلف زنانہ سکولوں کے طالبات، سٹاف اور ہیڈمسٹرس نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے قبل داخلہ مہم کے حوالہ سے آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں سکول بچیوں اور استانیوں نے پلے کارڈز، بینرز اور کتبے اٹھائے تھے جس پر تعلیم کی اہمیت کے حوالہ سے مختلف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او زنانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں تمام سہولیات کے ساتھ بہترین تدریسی عملہ اور فری ٹیکسٹ بکس کی سہولیات موجود ہے۔

انہوں نے سٹاف اور والدین سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومتی سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچیوں کو سکولوں میں داخل کروائیں۔ ڈی ای او زنانہ نے تقریب کے دوران اپنے دست مبارک سے نئے بچیوں کو داخل کروا کر داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے سکولوں کے حدود میں خصوصی مہم چلائیں اور قابل ادخال کسی بچیوں کو سکولوں میں داخل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتہ تحصیل الائی میں بھی داخلہ مہم کے حوالہ سے گرینڈ پروگرام کیا جائے گا تاکہ الائی جیسے پسماندہ علاقہ میں بچیوں کی تعلیم کی اہمیت اور موجودہ حکومت کی بچیوں کے تعلیم کیلئے لئے گئے اقدامات سے عوام اور والدین کو آگاہ کریں۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ای او ریحانہ یاسمین نے جی جی ایچ ایس خراڑی کی پرنسپل کی کارکردگی کو سراہا اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :