اسلام آباد،اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن میں بورڈ آف گورنر کے فیصلوں کو نہ ماننے اور من پسند فیصلے کرنے پر بیوروکریسی اور بی او جی کے درمیان ٹھن گئی ،ایک ماہ میں دو بی او جی اجلاس ،او پی ایف کی تاریخ بن گئی

منگل 24 اپریل 2018 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن ‘‘او پی ایف‘‘میں بورڈ آف گورنر کے فیصلوں کو نہ ماننے اور من پسند فیصلے کرنے پر بیوروکریسی اور بی او جی کے درمیان ٹھن گئی ہے ۔ایک ماہ میں دو بی او جی اجلاس ،او پی ایف کی تاریخ بن گئی۔بورڈ کو ڈی ویلیو کرنے پر معاملہ ہائی کورٹ بھی جانیکا امکان ہے ۔

وزارت اور سابق ایم ڈی کے ٹائوٹ افسران کے آج ہونیوالے بورڈ اجلاس کے نوٹیفکیشن پر پسینے چھوٹ چکے ہیں۔تین بیوروکریٹ اور ڈاکٹرزکے ٹرائیکاکو توڑدو یا ٹوٹ جائو کا فیصلہ آج ہوگا۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بی او جی کے سابق اجلاس میں سابق ایم ڈی حبیب الرحمن گیلانی کے تبادلے کی صورت میں ادارے کے سینئر ڈی جی محمد یار بٹر کو عارضی طور پر نئے ایم ڈی کی ذمہ داریاں دینے کی منظوری دی گئی تھی،اجلاس فیصلوں پر سابق ایم ڈی حبیب الرحمن گیلانی نے منٹس بناتے وقت اپنے منظور نظر افسران کی ملی بھگت سے نئے ایم ڈی کے منٹس کا نوٹیفکشن نہ ہونے دیا اور عہدہ سے سبکدوش ہونے کے بعد نئے ایم ڈی کے لیے ڈپٹی سیکرٹری وزارت نے ایک عارضی نوٹیفکشن جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر شیخ کو نئے ایم ڈی کی ذمہ داریاں سونپ دیں ،ذرائع کے مطابق سابق ایم ڈی حبیب الرحمن گیلانی اور سیکرٹری وزارت آپس میں کلاس فیلوہونے کے ساتھ باہمی متفق ہوتے ہوئے اپنے ایک اور کلاس فیلو کو ایم ڈی او پی ایف تعینات کروا دیا اور بورڈ آف گورنرز کی سفارش اور منظوری کو جان بوجھ کر ٹال دیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق ایم ڈی نے جاتے وقت اپنے چہتے افسران کو دو دن کے لیے دفتر سے دانستہ چھٹی کروا دی تاکہ وزارت احمد یار بٹر کی بجائے کسی اور کو ایم ڈی کا آرڈ ر کر دے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنر اجلاس میں ہونیوالے فیصلوں کو سبوتار کرنے کے لیے چند ادارے کی کالی بھیڑیں اب بھی موجود ہیں جن کے خلاف بہت جلد کارروائی کیے جانیکا امکان ہے ۔

او پی ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنر اجلاس کے فیصلوں کو نفی کرنے کے حوالے سے بہت جلد عدالت عالیہ میں ایک درخواست بھی دائر کی جائے گی،جس میں تما م تر حقائق کو سامنے لانے کی کاوش کی جائے گی،او پی ایف روایت کے مطابق نئے ایم ڈی کی تعیناتی پر ادارے کی جانب سے ایک نوٹیفکشن جاری ہونا ضروری تھا لیکن موجودہ ایم عامر شیخ کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ کیا جا سکا ہے ۔

غیر جانبدار ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کی فلاح اور خوشخالی کے لیے مستقل بنیادوں پر نئے ایم ڈی کی تعیناتی کی جائے تاکہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جا سکیںدوسری جانب او پی ایف کے ترجمان ڈائریکٹر میڈیا ارشد علی نے موقف میں بتایا کہ بورڈ آف گورنر کا اجلاس چار اپریل کو ہوا تھا اور سابق ایم ڈی حبیب الرحمن گیلانی نے سولہ اپریل کو چارج چھوڑا تاہم نئے ایم ڈی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن اٹھارہ اپریل کو جاری ہوا ،انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ہر ایم ڈی کی تعیناتی پر انٹرنل نوٹیفکیشن جاری ہوتا تھا مگر مذکورہ ایم ڈی کا تاحال نہ ہو سکاہے۔۔۔۔۔۔ظفر ملک

متعلقہ عنوان :