ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی کامیاب کارروائی ، محکمہ جنگلات کی 19904 کنال اراضی واگزار

منگل 24 اپریل 2018 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کی 19904 کنال اراضی واگزار کرالی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عباس خان آفریدی اور محکمہ جنگلات کے حکام پر مشتمل ٹیم نے کٹاکانڑہ اور لوخاڑی کے رہائشیوںسے مذکورہ اراضی واگزار کرائی جنہوں نے اس پرعرصہ دراز سے غیرقانونی قبضہ کررکھا تھا تاہم اب محکمہ جنگلات نے واگزار کی گئی اراضی پر شجرکاری شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ جنگلات کی مذکورہ علاقوں میں کل اراضی 28900کنال ہے جوکہ 1963 میںاس وقت کے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے نواب آف ٹیری سے مبلغ 210736روپے میں خریدی تھی۔واگزار کرائی کئی اراضی پر محکمہ جنگلات کی طرف سے گزشتہ 2ہفتوں سے شجرکاری جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عباس آفریدی کاکہنا تھاکہ ضلعی انتظامیہ کوہاٹ باقی رہ جانے والی 8996 کنال اراضی واگزار کرانے کے لئے بھی پرعزم ہے اور اس کے لئے مزید کارروائی کی جائے گی ۔

دریں اثناء عباس آفریدی نے اپنی عدالت میں عمر شاہ اور ریاض کے مابین کار کی خریداری اور ادائیگی کادیرینہ مسئلہ بھی خوش اسلوبی سے حل کرادیا اور عمر شاہ نے باہمی رضامندی سے ریاض کو موقع پر 1 لاکھ روپے ادا کردیئے جبکہ باقی 1لاکھ روپے 10اقساط میں ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :