کوئٹہ، پیپلز پارٹی ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر سیاست کرتی ہے ،جعفر جارج

منگل اپریل 20:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان اقلیتی ونگ کے صدر و سابق صوبائی وزیر جعفر جارج ، جنرل سیکرٹری چترومل ماترے ، سیکرٹری اطلاعات حنا گلزار نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر سیاست کرتی ہے پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ اس پارٹی نے کارکنوں کی وارثی کرنے اور انہیں اہمیت دینے کی روایت قائم کی اور کوئی بھی دوسری جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا اس میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتی ،بی بی شہید کے بیٹے و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اوردیگر قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے منگل کو پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں 4مئی کو پیپلز پارٹی کے زیراہتما م ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

جعفر جارج وردیگر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقلیتوں سمیت ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے عوام کے حقوق کی خاطر جانوں کے نذرانے دیئے ۔

انہوں نے کہا کہ 4مئی کو کوئٹہ میں ہونے والے جلسے سے ثابت ہوجائے گا کہ کوئٹہ سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے اور یہاں کے شہری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے فکر و فلسفے سے متاثر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اورشہید محترمہ بے نظیربھٹو کے فرزند بلاول بھٹو زرداری کا کوئٹہ پہنچے پر فقید المثال استقبال کیا جائے گاجس کی تیاریاں جاری ہیں۔