بابر نواز خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس

کمیٹی کی چیف ایگزیکٹو پیسکو کو بڈیانہ، کے ٹی ایس اور خانپور کے گرڈ سٹیشنوں کی تنصیب بارے پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

منگل 24 اپریل 2018 20:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس چیئرمین بابر نواز خان کی صدارت میں منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین سیّد عیسیٰ نوری، عالیہ کامران مرتضیٰ، کرن حیدر، منزہ حسن، ثریا اصغر، زہرہ ودود فاطمی، آسیہ تنولی، ساجد نواز، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ، فرحانہ قمر، عامرہ خان، مسرت رفیق مہیسڑ، کشور زہرہ کے علاوہ وزارت انسانی حقوق اور خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

کمیٹی نے وارسک اور تربیلا ڈیموں کے متاثرین کے حوالہ سے سب کمیٹی کی رپورٹ ذیلی کمیٹی کے کنوینئر کے قریبی عزیز کی اچانک وفات کی وجہ سے ان کی درخواست پر مؤخر کر دی۔

(جاری ہے)

کمیٹی ممبران نے استدعا کی کہ متاثرین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور بجلی کے میٹروں کے حوالہ سے مسائل کو حل کیا جائے۔ اجلاس میں کمیٹی کی خاتون رکن نے سرکاری پائپ لائن میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے چیف ایگزیکٹو پیسکو کو بڈیانہ، کے ٹی ایس اور خانپور کے گرڈ سٹیشنوں کی تنصیب کے حوالہ سے پیشرفت جبکہ سراج گلی اور صوابی، مہرہ ہری پور کے فیڈرز کے حوالہ سے بھی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ یہ دونوں گرڈ سٹیشن منظور ہو چکے ہیں، 30 اپریل کو 40 کھمبے بھی جاری ہو جائینگے جبکہ اس کی تکمیل تین ماہ کے اندر ہو جائے گی ۔